ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمی جنوری سے مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے اور اس کا اطلاق جون سے اگست 2026 تک تین ماہ کے لیے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق یہ ریلیف ملک بھر کے بجلی صارفین کو حاصل ہوگا، جبکہ کراچی کے صارفین بھی اس سے مستفید ہوں گے کیونکہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق بجلی نرخوں میں کمی کے نتیجے میں صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دی جانے والی اس رعایت سے لاکھوں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کے بجلی کے بلوں میں کمی آئے گی۔
ماہرین کے مطابق بجلی نرخوں میں کمی سے صارفین پر مالی بوجھ میں کچھ حد تک کمی ہوگی، خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک میں مہنگائی اور توانائی کے اخراجات عوام کیلئے ایک بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔






















































































