وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خسارے کا شکار سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس عمل کو تیز رفتار اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجکاری کے عمل اور اس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے تمام مراحل شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں، جبکہ نجکاری کے بعد ایک مؤثر اور مضبوط ضابطہ جاتی نظام بھی تشکیل دیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ان کمپنیوں کی نجکاری کے لیے دلچسپی کے اظہار کی درخواستیں ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع کی جا چکی ہیں، جبکہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی متعلقہ ڈھانچے کی منظوری بھی دے چکی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے رواں ماہ مختلف تعارفی تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی اویس لغاری، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔






















































































