پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین گیمز 2026 کیلئے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے 15 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایشین گیمز میں مردوں کے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں ہوگا جبکہ کرکٹ کے تمغوں کیلئے فیصلہ کن مقابلے 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
30 سالہ صاحبزادہ فرحان اب تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 46 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 1305 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 2 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے منتظر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق منتخب 15 کھلاڑیوں میں سے 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے محدود اوورز کے تربیتی کیمپ میں بھی شرکت کریں گے۔
قومی ٹیم کا اسکواڈ
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان، نائب کپتان عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی اور حسن نواز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔






















































































