حکومت نے شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے گھر کی دہلیز پر پاسپورٹ پہنچانے کی نئی سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن و پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امیگریشن و پاسپورٹ کی ڈیجیٹل ایپ اور مختلف اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شہریوں کیلئے گھر پر پاسپورٹ فراہمی کی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور سہل بنانا ہے۔
حکام کے مطابق پاسپورٹ کی ترسیل سے متعلق نئے طریقۂ کار اور ضوابط کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ سروس کے باقاعدہ آغاز سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل سہولیات اور جدید نظام کے ذریعے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے بچایا جائے گا اور سرکاری خدمات تک رسائی کو بہتر بنایا جائے گا۔
یہ اقدام پاسپورٹ خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو زیادہ مؤثر سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔






















































































