ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایرانی صدر کا طیارہ اسلام آباد کے نور خان ہوائی اڈے پر اترا، جہاں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی صدر جس خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان پہنچے، اس کا نام “میناب” رکھا گیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ نام ایران میں ایک اسکول پر حملے میں شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں رکھا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہنا ہے۔
دورے کے دوران صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی صدر پاکستان کی سفارتی کوششوں اور خطے میں امن کے فروغ کیلئے کردار پر پاکستانی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔





















































































