آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے مجموعی طور پر 296 امیدوار مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں ضلع میرپور کے چار حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں میں 1,107 اور ضلع بھمبر کے تین حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
انتخابات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔


















































































