ملک میں فروخت ہونے والے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بنیادی لاگت کے علاوہ لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں 112 سے 125 روپے تک شامل کیے جا رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی بنیادی لاگت 209 روپے 76 پیسے ہے، جبکہ اس کی سرکاری قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس طرح ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 125 روپے 42 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز شامل ہیں۔
پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی، 17 روپے 28 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 7 روپے 16 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔
اسی طرح ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 270 روپے 92 پیسے ہے، جبکہ اس کی سرکاری قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ یوں ایک لیٹر ڈیزل پر 112 روپے 54 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز وصول کیے جا رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی، 15 روپے 68 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 4 روپے 53 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہیں۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق یہی لیوی، ٹیکسز اور مارجنز بنیادی لاگت اور صارفین کو فروخت کی جانے والی قیمت کے درمیان فرق کی بڑی وجہ ہیں۔


















































































