سعودی عرب کے ایک سرمایہ کار گروپ نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی کاروباری شخصیات، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور میڈیا نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی ترقی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں رشید خان نیازی، سابق ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اسلام آباد، فالکن وژن کمپنی جدہ کے نائب چیئرمین اور صدر محمد طارق غوث، فالکن وژن پاکستان کے بزنس ہیڈ ذوالفقار، کنٹری ہیڈ ڈاکٹر عصمت اللہ خان، کرنل جمشید، جنوبی کوریا میں مقیم عتیق اور لگژری گاڑیوں کے شعبے سے وابستہ دیگر شخصیات شامل تھیں۔
حکام کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی سرمایہ کار گروپ نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی، جس پر حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
تاہم سرمایہ کاری کے مجوزہ منصوبوں، شعبوں اور مدت کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔




















































































