حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں آج ملک بھر کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، جبکہ سکیورٹی کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شاہراہ قائدین سے آنے والی گاڑیوں کو کشمیر روڈ اور پیپلز چورنگی کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ حسن اسکوائر، شارع فیصل، صدر اور دیگر علاقوں سے آنے والی ٹریفک کے لیے متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں حضرت امام حسینؓ کے چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناعشری جی سکس میں اختتام پذیر ہو گیا، جبکہ پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا۔
لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہوگا اور کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
دوسری جانب کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے، جبکہ حیدرآباد اور اس کے گردونواح میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔





















































































