ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کو نظر انداز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے موجودہ حالات میں حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ ملک کو درپیش معاشی، سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر ایسے بیانات یا اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے، جن سے حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان اختلافات کا تاثر پیدا ہو۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی بعض سینئر شخصیات نے محسن نقوی کے اس بیان پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس میں انہوں نے نظام کو درپیش خطرات کا ذکر کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورت حال پر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی اور زور دیا کہ قومی مفاد میں تمام اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
تاحال نواز شریف یا مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔





















































































