اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، حکام کے درمیان مشاورت جاری ہے جبکہ اسپتال میں ان کے طبی معائنے، علاج اور سکیورٹی سے متعلق تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے بعد عمران خان کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر متعلقہ حکام کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم کی ممکنہ اسپتال منتقلی سے متعلق اہم اجلاس میں انتظامی امور کے ساتھ پمز میں میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور سکیورٹی انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی ممکنہ منتقلی کے پیش نظر پمز اسپتال میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔
تاہم عمران خان کو پمز منتقل کرنے کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد ہی منتقلی سے متعلق حتمی لائحہ عمل سامنے آئے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔




















































































