پٹرولیم ڈویژن نے 20 اگست کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
اوگرا ذرائع کے مطابق ڈیزل پر عائد لیوی میں ایک روپیہ 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 80 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل پر بھی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات اور تکالیف کا مکمل احساس ہے۔ عوام کو جس حد تک ممکن ہو فوری ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سبسڈی دینے کا فیصلہ بھی اسی عوامی ریلیف کا حصہ تھا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت جو اقدامات کر رہی ہے، ان کے نتیجے میں یہ مشکل وقت بالآخر ختم ہو جائے گا۔ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق جنگ کی شدت میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں، جبکہ ڈیزل کی دستیابی کے حوالے سے کئی ممالک کو بھی مسائل کا سامنا ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا تھا کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 سے 32 روپے سے زائد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔





















































































