اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق بحث کا اصل اور مناسب مقام پارلیمنٹ ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ہوں گے، جن میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد بھی ایک نئے گورننس ماڈل کو اختیار کرنے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بزنس فورمز کے بجائے قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے، اگر موجودہ نظام ناکام ہوا ہے تو اس معاملے پر قومی اسمبلی میں باقاعدہ بحث کی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔






















































































