ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکا ایران کے قریب اپنی فوجی طاقت میں اضافے کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں تیسرا طیارہ بردار بحری بیڑا تعینات کررہا ہے، جبکہ مزید فوجی اہلکار بھی خطے میں بھیجے جارہے ہیں۔
عرب ٹی وی سے گفتگو میں امریکی عہدیدار نے بتایا کہ یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ طیارہ بردار بحری بیڑے کا اسٹرائیک گروپ اتوار کو سان ڈیاگو سے خطے کی جانب روانہ ہوا۔
عہدیدار کے مطابق دو ہزار سے زائد میرینز پر مشتمل میکن آئی لینڈ میرین ایکسپیڈیشنری یونٹ بھی روانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نومبر کے اختتام تک ایران کے گرد تین طیارہ بردار بحری بیڑے اور دو ایمفی بیئس لینڈنگ گروپس موجود ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق خطے میں پہلے سے تعینات تقریباً 50 ہزار امریکی فوجیوں کے علاوہ ہزاروں مزید اہلکار اور ایف 35 لڑاکا طیارے بھی تعینات کیے جارہے ہیں۔
امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس تعیناتی کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے فوجی آپشنز برقرار رکھنا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ صدر کے حکم پر نئی کارروائی کے لیے امریکی فورسز تیار ہیں۔




















































































