ریٹیلرز کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم کی ناکامی کے بعد حکومت نے 10 لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین راشد لنگڑیال نے کہا کہ ریٹیلرز ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہوئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کو ’گاجر اور چھڑی‘ کی پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ملک میں 43 لاکھ ریٹیلرز میں سے صرف 6 لاکھ فائلرز ہیں، جبکہ 37 لاکھ ریٹیلرز ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔
ایف بی آر نے تسلیم کیا کہ ریٹیلرز کی جانب سے ایک فیصد فکسڈ ٹیکس اسکیم کو خاطر خواہ پذیرائی نہیں ملی۔ ادارے کے مطابق انتہائی سازگار قرار دی جانے والی اس اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے 10 لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔




















































































