سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل یقینی بنایا جائے گا اور جس کی کوتاہی ثابت ہوگی، اسے سزا دی جائے گی۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے بتایا کہ میر رضا کیس میں سندھ کابینہ کے فیصلے پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا تھا، جس کی رپورٹ گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تین سینئر وزراء ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ناصر شاہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی رپورٹ کا جائزہ لے کر کابینہ کو آگاہ کرے گی، جبکہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کسی ایک شخص کی غلطی کو پورے محکمے سے منسوب کرنا زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہی سندھ پولیس بڑے بڑے مقدمات حل کر چکی ہے۔
ترقیاتی کاموں پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں اورنج لائن کا منصوبہ تیار ہے۔ ریڈ لائن منصوبے کے تحت یونیورسٹی روڈ پر کام ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم اس کا مشکل اور تکلیف دہ مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اب اسٹیشنز اور ڈپو تعمیر کیے جانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر اب زیادہ پریشانی نہیں، البتہ تجاوزات کے مسائل موجود ہیں۔ یلو لائن پر کام شروع ہونا ہے اور جام صادق پل کا دوسرا حصہ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یلو لائن پر کام کے دوران ٹریفک کے کچھ مسائل پیش آ سکتے ہیں، جس سے شہریوں کو ہونے والی زحمت پر وہ پیشگی معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر میں بڑی تعداد میں ڈبل ڈیکر بسیں پہنچ رہی ہیں اور مسلسل محنت کے نتیجے میں کراچی کا ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہو رہا ہے۔

















































































