کراچی میں پاکستان آنے والی تمام غیر ملکی ائیرلائنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ واپسی کے لیے درکار ایندھن اپنے ساتھ ہی لے کر آئیں، تاکہ ملک میں ایندھن کی دستیابی سے متعلق صورتحال کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ایندھن پالیسی سے متعلق باقاعدہ نوٹم جاری کیا گیا ہے، جس میں ائیرلائنز کے لیے نئی ہدایات اور آپریشنل طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔
ائیرلائن ذرائع کے مطابق بدھ کے روز کراچی سے دوحہ جانے والی ایک غیر ملکی ائیرلائن کے طیارے کو ایندھن کی کمی کے باعث مسقط میں لینڈنگ کرنا پڑی، جس سے اس مسئلے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی ایندھن ساتھ لانے کی پابندی کے باعث غیر ملکی ائیرلائنز کو مسافروں کا سامان اور کارگو کم کرنا پڑ رہا ہے، جس سے سفری سہولیات اور تجارتی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔