چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، مختلف عالمی تنازعات اور معاشی عدم مساوات جیسے سنگین عوامل دنیا بھر میں غربت میں تشویشناک حد تک اضافے کا باعث بن رہے ہیں، جس کے اثرات لاکھوں انسانوں کی زندگیوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک غربت، عدم مساوات اور سماجی ناانصافی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، پیپلز پارٹی اپنی سیاسی و عوامی جدوجہد کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ محض الفاظ نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک عملی عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں۔ غربت میں کمی لانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کروایا گیا جو ملک کا سب سے شفاف اور مؤثر سماجی تحفظ کا نظام بن چکا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف خواتین کو بااختیار بناتا ہے بلکہ خاندانوں کو سہارا بھی فراہم کرتا ہے، یہی وہ نظام ہے جو نسل در نسل غربت کے چکر کو توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ان بنیادی مسائل پر توجہ دینی چاہیے جو لاکھوں انسانوں کو مایوسی اور مشکلات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ یہ وقت ہے کہ دنیا جغرافیائی تقسیم سے بالاتر ہو کر انسانی بنیادوں پر متحد ہو اور اجتماعی اقدامات کرے تاکہ ایک منصفانہ، مساوی اور پائیدار عالمی نظام قائم کیا جا سکے۔