سونے کی عالمی اور مقامی قیمتوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اور غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج (جمعہ) کے روز فی اونس سونا اچانک 141 امریکی ڈالر مہنگا ہو گیا، جس کے بعد عالمی قیمت بڑھ کر 4 ہزار 358 ڈالر فی اونس کی تاریخی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔
عالمی منڈی کے اس اضافے کا براہِ راست اثر پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں پر بھی واضح طور پر دیکھا گیا۔ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 14 ہزار 100 روپے کا زبردست اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے فی تولہ ہو گئی۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 12 ہزار 089 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے فی 10 گرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
مزید برآں فی تولہ چاندی کی قیمت 167 روپے کے اضافے سے 5 ہزار 504 روپے ہو گئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں 143 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 4 ہزار 718 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی سطح پر 2026ء تک فی اونس سونا 5 ہزار ڈالر کی سطح پر پہنچنے کی پیشگوئیوں، چین، برازیل، بھارت، سعودی عرب، دبئی سمیت دیگر ممالک کے مرکزی بینکوں کی بڑھتی ہوئی طلب اور امریکا، روس، جرمنی میں گولڈ کوائن کی خریداری کے بڑھتے رجحان نے سونے کو ایک بار پھر محفوظ اور قابل اعتماد سرمایہ کاری کا ذریعہ بنا دیا ہے، جس سے عالمی و مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں نئی تاریخی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔