محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلع اٹک میں سونے کی بغیر اجازت کان کنی اور ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی۔
پنجاب حکومت کا معدنی ذخائر اور ماحول کے تحفظ کیلئے احسن اقدام سامنے آیا ہے، حکومت پنجاب نے اٹک اور چکوال میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
ضلع اٹک میں سونے کی بغیر اجازت کان کنی پر پابندی عائد کردی گئی، ضلع اٹک میں دریائے سندھ کے اطراف تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حمل پر بھی 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی، پلیسر گولڈ قومی خزانے کے لیے اہم ترین معدنیات میں سے ایک ہے۔
دوسری طرف ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور نقل و حمل پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی کا اطلاق نجی اور سرکاری دونوں زمینوں پر ہوگا۔ضلع چکوال میں ٹمبر کی نقل و حمل پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
قدرتی ماحول، مقامی آبادی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے فیصلہ کیا گیا۔ درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات بڑھا رہی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 60 روز کے لیے ہوگا۔