اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو تحریری یقین دہانی کراتے ہوئے بجلی سبسڈی کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلی کا عندیہ دے دیا ہے، جس کے تحت آئندہ 8 ماہ میں نیا نظام متعارف کروایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی عمومی سبسڈی ختم کر دی جائے گی، جبکہ جنوری 2027 سے ہدفی سبسڈی کا نیا نظام نافذ کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق نئی سبسڈی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کی بنیاد پر صرف مستحق صارفین کو فراہم کی جائے گی، تاکہ مالی معاونت صرف حقیقی ضرورت مند افراد تک محدود رکھی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سبسڈی کے غلط استعمال کو روکنا ہے، کیونکہ موجودہ نظام میں بعض گھرانوں کی جانب سے دو یا تین بجلی میٹر نصب کر کے ہر میٹر کی کھپت 200 یونٹس سے کم رکھی جاتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سبسڈی حاصل کی جا سکے۔
حکام کے مطابق نئے نظام کے نفاذ سے اس طرز عمل کی حوصلہ شکنی ہوگی اور بجلی سبسڈی کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔






















































































