کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر 3 ہزار روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں صوبے میں سماجی بہبود اور عوامی فلاح سے متعلق متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں 8 لاکھ 85 ہزار بچوں اور دیہی خواتین کے لیے نئی نقد امداد کی منظوری دی گئی، جبکہ بچوں کی ابتدائی نشوونما، بہتر غذائیت اور صحت کی نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پروگرام متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کے تحت پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کو ہر تین ماہ بعد 3 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا تاکہ ان کی صحت اور نشوونما کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ دیہی خواتین کو ان کے غیر پیداواری عرصے کے دوران ماہانہ مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ انہیں معاشی سہارا دیا جا سکے۔
اجلاس میں بچوں کی ابتدائی نشوونما سے متعلق مجموعی طور پر 14 ارب روپے مالیت کے بڑے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جسے سماجی تحفظ کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






















































































