برطانیہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حکمران لیبر پارٹی کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ دائیں بازو کی جماعت ریفارم یو کے غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی 1300 سے زائد نشستوں پر شکست کھا گئی، جبکہ ویلز میں بھی پارٹی کو تاریخی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر کی 5 ہزار سے زائد بلدیاتی نشستوں میں سے تقریباً ساڑھے 4 ہزار نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن کے مطابق ریفارم یو کے 1400 سے زائد نشستیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انگلینڈ میں لیبر پارٹی 927 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ دیگر بڑی جماعتیں بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہیں۔
نائجل فراج کی قیادت میں دائیں بازو کی جماعت ریفارم یو کے نے لیبر پارٹی کے کئی دہائیوں پر محیط مضبوط سیاسی گڑھ بھی اپنے قبضے میں لے لیے، جسے برطانوی سیاست میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے برطانیہ کی سیاسی صورتحال میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ روایتی سیاسی جماعتوں کے لیے یہ نتائج تشویش کا باعث بن گئے ہیں۔























































































