ایران کے رہنما ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایک قانونی بل تیار کر لیا گیا ہے، جسے ایرانی پارلیمنٹ کے اوپن سیشن میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی مجلس کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ پارلیمانی سرگرمیاں بحال ہوتے ہی اس بل کو فوری طور پر اوپن سیشن میں پیش کر کے منظوری حاصل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اسے ایرانی شورائے نگہبان کے پاس بھیجا جائے گا، اور وہاں سے منظوری ملنے کے بعد یہ باضابطہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔
ابراہیم عزیزی نے اس بل کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم تجزیہ کار اس پیش رفت کو آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔























































































