کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور کراچی بس مالکان ایسوسی ایشن نے بھاری جرمانوں اور مجوزہ کارروائیوں کے خلاف غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق احتجاج کا آغاز آج سے کیا جا رہا ہے اور مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے، جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد بسوں اور مسافر گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ کاروبار شدید متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یکم جولائی سے ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید سخت کارروائیوں اور کریک ڈاؤن کی تیاری کی جا رہی ہے، جس پر ٹرانسپورٹرز میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ جرمانوں اور مجوزہ کارروائیوں کے معاملے پر دوبارہ مذاکرات کیے جائیں تاکہ عوامی ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر نہ ہو۔
دوسری جانب ہڑتال کے اعلان کے بعد شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خصوصاً دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز جانے والے افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔





















































































