بالی وڈ اور ہندی سنیما کے معروف اداکار راجیش شرما کو جنوبی بھارت کے سپر اسٹار پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، جس کے بعد ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیش شرما کولکتہ کے ڈھاکوریا میں واقع منی پال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اداکارہ سودیپا چٹرجی نے راجیش شرما کے اہلخانہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے اداکار کی بگڑتی ہوئی صحت کی تصدیق کی۔
پریس نوٹ کے مطابق واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔
شوٹنگ کے بعد راجیش شرما گھنی جھاڑیوں کے قریب مقامی تکنیکی عملے کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک انہیں کسی زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا۔
ابتدائی طور پر اداکار نے اسے معمولی واقعہ سمجھا اور فوری طبی امداد حاصل نہیں کی۔
اہلخانہ کے مطابق واقعے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد راجیش شرما کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا، تاہم طبیعت خراب ہونے کے باوجود وہ کولکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہوگئے۔
دوران پرواز اداکار کو تیز بخار ہوگیا اور ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔
اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق زہر کے باعث انفیکشن راجیش شرما کے پیر کی انگلیوں سے گھٹنے تک پھیل چکا ہے جبکہ ان کی ٹانگ پر بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اداکار کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔
طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انفیکشن کے باعث ٹانگ میں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے اور اگر یہ لوتھڑا پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو صورتحال جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق راجیش شرما تاحال خطرے سے باہر نہیں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔





















































































