برطانیہ اور ترکیے نے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر نئے سکیورٹی اور دفاعی شراکت داری معاہدے پر دستخط کردیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے معاہدے کو دونوں ممالک کے مضبوط اسٹریٹجک تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانیہ اور ترکیے کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ شراکت داری یورو اٹلانٹک خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دونوں یورپی نیٹو اتحادیوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک سکیورٹی اور دفاعی پالیسی کے سیاسی اور عسکری پہلوؤں پر نئے مشاورتی نظام قائم کریں گے۔
تعاون کے اہم شعبوں میں دفاعی حکمت عملی، عسکری تعاون، دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنا شامل ہیں۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق برطانیہ اور ترکیے یورو اٹلانٹک سکیورٹی میں منفرد اور ناگزیر کردار ادا کر رہے ہیں۔
دونوں ممالک نے نیٹو کے اندر مشترکہ ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں نبھانے، دفاعی اخراجات میں اضافے اور اتحاد کو درکار دفاعی صلاحیتوں کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔





















































































