چین نے ایک مرتبہ پھر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ انسانی اور ترقیاتی تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
فلسطین میں تعینات چینی سفیر سُن ژِن نے میڈیا سے گفتگو کے دوران فلسطینی عوام کے ساتھ چین کے تعاون اور حمایت کو دہراتے ہوئے کہا کہ بیجنگ فلسطین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران انہیں فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات اور حالات کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ چین فلسطین میں انسانی امداد اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
سُن ژِن کے مطابق رواں برس چین اور فلسطین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کو تین سال مکمل ہو رہے ہیں، جس کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
چین طویل عرصے سے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا آیا ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں اپنا مؤقف دہراتا رہا ہے۔





















































































