نیویارک: امریکا میں پاکستانی خاتون کو امریکی حکومت سے 64 ملین ڈالر کے فراڈ اور دھوکا دہی کے مقدمے میں 6 سال 4 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔
نیویارک کی وفاقی عدالت کی خاتون جج نے ذکیہ خان نامی خاتون کو سزا سنانے کے ساتھ 56 ملین ڈالر کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔
عدالت کے حکم پر خاتون کے 5 ملین ڈالر مالیت کے اثاثے بھی ضبط کرلیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ذکیہ خان نے بزرگ شہریوں کے لیے ڈے کیئر سینٹر قائم کیا تھا اور اس کے ذریعے امریکی حکومت سے مبینہ طور پر دھوکا دہی کرکے ادائیگیاں حاصل کیں۔
ذکیہ خان کو 2024 میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ مقدمے کی سماعت کے دوران انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔
نیویارک کی وفاقی عدالت نے گزشتہ روز مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 6 سال 4 ماہ قید کی سزا سنائی۔




















































































