ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان نے بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا 112 رنز کا ہدف حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔ حسن نواز 27 اور عبدالصمد 30 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ کی دونوں اننگز 13، 13 اوورز تک محدود کردی گئی تھیں۔
بنگلادیش نے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئی نے 42 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عرافات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کا فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔




















































































