نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کی جانب سے طلب کیے جانے کے معاملے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں جواب جمع کرادیا۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید طلبی پر نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے، ان کی جگہ وکیل سردار شہباز خان نیب میں پیش ہوئے اور سابق وزیر کی جانب سے جواب نیب میں جمع کرایا۔
شیخ رشید کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں القادر ٹرسٹ کیس کا معاملہ آیا تو کابینہ میٹنگ میں موجود نہیں تھا، القادر ٹرسٹ معاملہ زیر بحث آنے سے قبل کابینہ اجلاس سے چلے گئے تھے۔
سابق وزیر داخلہ نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ اس وقت کے احتساب وزیر شہزاد اکبر سے بھی تعلقات ٹھیک نہیں تھے اور شہزاد اکبر سے ان دنوں میری کوئی بات چیت بھی نہیں تھی۔
شیخ رشید نے کیس سے متعلق کوئی دستاویزات نہ ہونے کا بھی بتایا۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو آج طلب کیا تھا۔
نیب حکام نے شیخ رشید کو کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل القادر ٹرسٹ کیس میں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کیا تھا جبکہ ان سے اس حوالے سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔