پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے دو فل ممبر ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا بھارت کے ابھیشیک شرما کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
فرحان نے منگل کو سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا اور تین میچوں کی سیریز میں ابھیشیک شرما کے مجموعی رنز سے آگے نکل گئے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز شروع ہونے سے پہلے صاحبزادہ فرحان کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
انہوں نے اپنی سرزمین پر پہلی سیریز میں تینوں میچوں میں نصف سنچریاں بنا کر اسے یادگار بنا دیا۔
پاکستانی کپتان نے سیریز میں 79.33 کی اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 238 رنز اسکور کیے۔ اس کارکردگی پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فرحان نے اس طرح ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنا کر یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ابھیشیک شرما سے آگے نکلنے کے بعد صاحبزادہ فرحان دو فل ممبر ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔ ان کی بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کیا اور 4 وکٹوں سے میچ جیتا۔
30 سالہ پاکستانی بیٹر نے دوسرے میچ میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی مدد سے پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا مجموعہ بنایا۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی اور پاکستان نے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
سیریز کے آخری میچ میں بھی فرحان نے اپنی فارم برقرار رکھی اور 47 گیندوں پر 76 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس کی مدد سے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 168 رنز بنائے۔
تاہم ان کی یہ اننگز پاکستان کو کامیابی نہ دلا سکی۔ مہمان ٹیم نے ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز میں اپنی واحد فتح سمیٹی، جبکہ پاکستان نے سیریز دو ایک سے جیت لی۔



















































































