کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گندم کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت پاسکو سے تاحال ایک لاکھ بوری گندم بھی خرید نہیں سکی۔ گزشتہ کئی ماہ سے محکمہ خوراک بلوچستان اور پاسکو کے درمیان صرف مذاکرات جاری ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 330 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ خضدار، چاغی، واشک، کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار روپے سے بھی زیادہ میں فروخت ہو رہی ہے۔
سیکرٹری خوراک بلوچستان نے اس حوالے سے کہا کہ پاسکو سے گندم خریدنے کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت مقرر کرنا اور مقررہ نرخوں پر عمل درآمد کرانا محکمہ انڈسٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔

















































































