بھارت کے مشہور اور مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے 19ویں سیزن کی میزبانی کرنے والے بالی وُڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ ان کا صرف تین ماہ کا معاوضہ بھارتی وزیراعظم کی ایک سال کی تنخواہ سے بھی سیکڑوں گنا زیادہ ہے۔
بگ باس کا نیا سیزن رواں ماہ سے نشر ہونے جا رہا ہے، اور حال ہی میں جاری ہونے والے ٹیزر میں سلمان خان نہرو جیکٹ پہنے ہوئے سیاسی تھیم کا عندیہ دیتے نظر آئے، جس نے شائقین کے جوش اور تجسس میں مزید اضافہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگرچہ سلمان خان نے اس بار بگ باس 19 کے لیے اپنے معاوضے میں کچھ کمی کی ہے، لیکن یہ کم معاوضہ بھی بھارتی وزیراعظم کی سالانہ آمدن سے کئی سو گنا زیادہ ہے۔ میڈیا دعووں کے مطابق سلمان خان ایک ویک اینڈ ایپی سوڈ کے لیے 8 سے 10 کروڑ بھارتی روپے وصول کر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ یہ سیزن تقریباً پانچ ماہ پر مشتمل ہو، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق سلمان خان صرف پہلے تین ماہ کے لیے شو کی میزبانی کریں گے، جبکہ باقی دو ماہ کے لیے فرح خان، کرن جوہر اور انیل کپور میزبان کے طور پر نظر آ سکتے ہیں۔ اس حساب سے سلمان خان تین ماہ میں تقریباً 120 سے 150 کروڑ بھارتی روپے تک کمائیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق، بھارت میں وزیراعظم کی تنخواہ ایک لاکھ 66 ہزار روپے ماہانہ ہے، جو سالانہ تقریباً 20 لاکھ روپے بنتی ہے۔ اس موازنے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ سلمان خان صرف تین ماہ میں بھارتی وزیراعظم کی سالانہ تنخواہ سے تقریباً 600 گنا زیادہ کما رہے ہیں۔