کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں واقع ٹمبلر رج کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں مبینہ خاتون حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اسکول کے احاطے میں پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اسکول کی عمارت سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، جبکہ ایک زخمی شخص اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ دو مزید افراد ایک قریبی گھر میں مردہ پائے گئے، جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بھی اسی فائرنگ کے واقعے سے تھا۔
پولیس کے مطابق شدید زخمی ہونے والے دو افراد کو فوری طور پر ائیرلفٹ کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر 27 زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مشتبہ حملہ آور ممکنہ طور پر خاتون تھی، جس نے فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس نے واقعے کی مکمل وجوہات اور محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔