برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ وہ بچوں کو تیزی سے بڑھتے ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے آن لائن رسائی کو ریگولیٹ کرنے کے مزید اختیارات کے خواہاں ہیں تاکہ بدلتے ہوئے ٹیکنالوجی کے ماحول میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
خبرایجنسی کے مطابق کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دنیا میں خطرات کی نوعیت اور رفتار میں مسلسل تبدیلی آ رہی ہے، اس لیے یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ قوانین کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے تاکہ بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت نے حال ہی میں گروک کے خلاف اقدامات کیے تھے، جبکہ مزید مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس کو بھی ایسے مواد، خصوصاً جنسی نوعیت کی تصاویر بنانے پر پابندی کے دائرے میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق یہ اقدامات پارلیمنٹ میں زیر غور جرائم اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قانون میں ترمیم کے طور پر متعارف کرائے جائیں گے، تاکہ آن لائن پلیٹ فارمز پر بچوں کے تحفظ کو قانونی بنیاد فراہم کی جا سکے۔