پاکستان نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران بنگلادیشی طلبہ کو 500 اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور پروگرام کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اگست 2025 میں اپنے دورۂ بنگلادیش کے دوران پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق اس پروگرام کے تحت پاکستان آئندہ پانچ برسوں میں بنگلادیشی طلبہ کو 500 تعلیمی اسکالرشپس فراہم کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور کا دوسرا مرحلہ 10 مئی 2026 کو ڈھاکہ میں شروع کیا گیا، جبکہ بنگلادیشی وفد اس پروگرام کے تحت تین ہفتوں کے دورے پر پاکستان میں موجود ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد تعلیم، تحقیق، نوجوانوں کے تبادلوں اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
مزید برآں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
























































































