کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے بعد سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدوں پر کارروائی کرتے ہوئے وسیم شمشاد کو دونوں ذمہ داریوں سے ہٹادیا اور متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس کے بعد ترجمان نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے وسیم شمشاد کی معطلی اور انکوائری کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے عمارت کے مالک اور بلڈر کو گرفتار کرنے، جبکہ آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو تفتیش میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان کے مطابق ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے واقعے پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی ملازم ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔




















































































