امریکی کانگریس کے ایک وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں امریکی کانگریس کے وفد میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران امریکی وفد نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی قیادت کے درمیان مثبت تعلقات کے دونوں ممالک کے روابط پر خوش آئند اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
وفد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور علاقائی امور میں اس کے کردار کو اہم قرار دیا۔
بعد ازاں امریکی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی کانگریس کے ارکان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی میں جنگ بندی کے لیے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا بھی ذکر کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اور تجارت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔



















































































