پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے ملک کے دیگر شہروں کی طرح سیاسی کشیدگی کا شکار نہیں بننے دیا جانا چاہیے۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے پہلے ہی مؤقف اختیار کیا تھا کہ انتخابی ماحول کو سازگار بنایا جائے، کیونکہ آزادانہ اور شفاف انتخابات ہی ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنی سیاست کے باعث حالات کو اس نہج تک پہنچایا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
نورین بی بی کے خلاف مقدمے کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس نوعیت کے مقدمات درج کرنے سے حالات بہتر نہیں ہوتے۔ ان کے بقول، نورین نیازی نے جو بیان دیا وہ ان کی ذاتی رائے تھی، جس کی وہ بعد میں وضاحت بھی کر چکی ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہی موجودہ صورتحال میں بہتری کی کنجی ہے۔



















































































