کراچی: ایڈیشنل سیشن عدالت جنوبی نے کم عمر گداگر بچی کو راشن کا جھانسا دے کر اغوا اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر 2 ملزمان کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان غلام رسول اور خالد کو اغوا اور اجتماعی زیادتی کے جرم میں دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو متاثرہ بچی کو 5، 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق واقعہ 2022 میں پیش آیا تھا، جب ملزمان نے کم عمر گداگر بچی کو راشن دینے کا جھانسا دیا اور اسے اغوا کرکے کراچی کے سی ویو کے قریب اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس چلاتے تھے اور تفتیش کے دوران متعلقہ سروس کمپنی سے ان کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ متاثرہ بچی نے شناخت پریڈ کے دوران دونوں ملزمان کو شناخت کیا تھا اور مقدمے میں اس کی گواہی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
عدالت کے مطابق طبی شواہد بھی متاثرہ بچی کے بیان سے مکمل مطابقت رکھتے ہیں، جس سے استغاثہ کے مؤقف کو تقویت ملی۔





















































































