دنیا کے کئی ممالک میں مکمل اور جزوی سورج گرہن کا نظارہ کیا گیا، جبکہ دن کے وقت اندھیرا چھانے کا غیر معمولی منظر دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد کھلے مقامات پر جمع ہوئے۔
سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوا۔ یورپ میں گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور روس میں مکمل سورج گرہن دیکھا گیا۔
یورپ میں 1999 کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سورج گرہن کا نظارہ کیا گیا، جبکہ فرانس، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں جزوی سورج گرہن دیکھا گیا۔
سورج گرہن کے باعث یورپ کے کئی ممالک میں غروب آفتاب کے مقررہ وقت سے پہلے ہی دن کے دوران اندھیرا چھا گیا اور مختلف شہروں میں لوگ اس غیر معمولی فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں باہر نکل آئے۔
دن کے وقت اندھیرا چھانے اور سورج گرہن کا نظارہ کرنے کے لیے لاکھوں افراد کھلے مقامات پر جمع ہوئے اور خصوصی حفاظتی چشموں کے ذریعے اس فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کیا۔
لندن کی رائل آبزرویٹری میں بھی جزوی سورج گرہن دیکھنے کے لیے سیکڑوں افراد جمع ہوئے، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ کھانے پینے کا سامان لے کر گرینچ پارک پہنچے اور پکنک کے ماحول میں سورج گرہن کا نظارہ کیا۔
یورپ کے علاوہ افریقا، کینیڈا اور امریکا کے بعض حصوں میں بھی جزوی سورج گرہن دیکھا گیا۔





















































































