اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
بھارتی بیان سے متعلق سوالات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بے بنیاد بھارتی دعوؤں کو مسترد کرتا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی رائے شماری کے ذریعے ہونا ہے اور یہ رائے شماری اقوام متحدہ کی نگرانی میں کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ دکھایا گیا ہے، اس لیے نام نہاد بھارتی سرکاری نقشوں اور یکطرفہ خودمختاری کے دعوؤں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے متعلق وعدے پورے کرنے پر مجبور کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا احترام یقینی بنایا جائے۔






















































































