وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر داخلہ محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، امیر مقام، رانا ثناء اللہ، گورنر فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری، آئی جی اور کور کمانڈر پشاور شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور مسلح افواج، پولیس اور عوام کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور جوانوں اور افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ صوبے کی پولیس، سیف سٹیز اور سی ٹی ڈی کے لیے جو کچھ درکار ہوگا، وفاق فراہم کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا کے اہل خانہ کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔

















































































