سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری کی مدد سے انگلینڈ نے سری لنکا کو فتح کے لیے 430 رنز کا ہدف دیا ہے۔
راولپنڈی میں جاری مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ کپتان ہیری بروک نے ریکارڈ ساز بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 114 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔
اس اننگز کے ساتھ بروک انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
ہیری بروک 116 گیندوں پر 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ول جیکس 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جبکہ جو روٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ کے دوران پہلی مرتبہ 400 رنز کا ہندسہ عبور ہوا ہے۔ اس سے قبل اس میدان پر سب سے بڑا مجموعہ پاکستان کے 337 رنز تھا۔
ہیری بروک سے پہلے راولپنڈی اسٹیڈیم میں گیری کرسٹن نے 1996 میں 188 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

















































































