حکومت نے رواں ماہ کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس فاروق ستار کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے حکام نے بتایا کہ موجودہ ماہ کے دوران مزید 1000 اسٹورز بند کیے جائیں گے، جبکہ اب تک 2237 ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کیا جا چکا ہے۔
مزید یہ کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 2860 ڈیلی ویجز ملازمین کو بھی ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
جی ایم یوٹیلیٹی اسٹورز نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گزشتہ مالی سال میں 38 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دی گئی تھی، تاہم موجودہ مالی سال کے لیے مختص 60 ارب روپے کی سبسڈی ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی حکومت کی جانب سے اخراجات میں کمی کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں سیکڑوں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کیے جا چکے ہیں۔