کراچی: شہر میں کانگو ہیمرجک فیور سے متاثر ایک 17 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نوجوان میں گزشتہ روز مہلک کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد اسے سندھ انفیکشن ڈیزیزز ہسپتال میں زیر علاج رکھا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق متوفی مویشیوں کی دیکھ بھال کا کام کرتا تھا، اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے یہ وائرس اسی دوران منتقل ہوا، کیونکہ یہ بیماری عموماً مویشیوں کے جسم پر موجود چیچڑی کے کاٹنے یا متاثرہ جانور کے خون سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کانگو وائرس ایک خطرناک مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے، خصوصاً مویشیوں کے قریب کام کرنے والے افراد کو حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا چاہیے۔






















































































