ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں ان کے حق میں ثابت ہوا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور انہوں نے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری بھی اسکور کی، جبکہ کپتان مارنوس لبوشین 20 رنز بنا سکے۔ دیگر کھلاڑیوں میں معاذ صداقت 11، حسان خان 12، حنین شاہ 9 رنز بنا سکے، جبکہ گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ناہید رانا نے 22 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جبکہ حارث 6، کوشال مینڈس 9 اور بریسویل 4 رنز بنا سکے، اور ٹیم کی چوتھی وکٹ 40 رنز پر گر گئی تھی۔
مشکل صورتحال میں ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جہاں ہارڈی نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اور یوں شاندار فتح اپنے نام کی۔
ایرون ہارڈی نے فائنل میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جس پر انہیں نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
فائنل میچ کے دوران قذافی اسٹیڈیم مکمل طور پر تماشائیوں سے بھرا رہا، جبکہ ٹاس سے قبل ہونے والی رنگا رنگ اختتامی تقریب میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
پی ایس ایل 11 کے فائنل کو دیکھنے کے لیے 32 ہزار 461 شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی میچ میں تماشائیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔





















































































