بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، فائرنگ اور دیگر افسوسناک واقعات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی چاغی عابد شیرزئی کے مطابق دالبندین کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر ایک کار اور بوزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دالبندین سے آنے والی کار کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے بوزر سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق کار میں سوار تمام افراد افغان شہری تھے جو غیر قانونی طور پر سفر کر رہے تھے۔
دوسری جانب خانوزئی کے علاقے تحصیل نانا صاحب کے قریب کلی میاں شاخ میں ایک لوڈر رکشہ گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں سپن ٹکی نانا صاحب کے رہائشی 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
ادھر گڈانی کے ساحلی علاقے میں سمندر میں نہاتے ہوئے 24 سالہ حماد اور 17 سالہ محسن ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ حب کے علاقے حسن پیر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں محمد گل نامی شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس کے مطابق گڈانی اسٹاپ کے قریب سے ایک خاتون کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے، جسے شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی میں نامعلوم مسلح افراد نے بوائز ہائی اسکول کی لائبریری میں گھس کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حق نواز جمالدینی اور محمد اکرم جمالدینی جاں بحق ہوگئے۔
علاوہ ازیں ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ کے گاؤں وضوع لعلو گجر میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا۔























































































