فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں اسپین نے آسٹریا کو 0-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے ابتدا سے ہی کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور 65 فیصد گیند کا قبضہ اپنے پاس رکھا۔
اسپین کی جانب سے گول اسکور کرنے کا آغاز پہلے ہاف کے 36ویں منٹ میں ہوا، جب اویار زبال نے گیند آسٹریا کے جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر اسپین کو 0-1 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں بھی اسپینش ٹیم نے آسٹریا کے گول پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ 66ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے اسپین کے لیے دوسرا گول اسکور کیا۔
مقررہ وقت ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اویار زبال نے اپنا دوسرا اور اسپین کا تیسرا گول کر کے ٹیم کی 0-3 سے فتح یقینی بنا دی۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ اسپین کی ٹیم 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کا کوئی ناک آؤٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔






















































































